بنگلورو،8؍جولائی(ایس او نیوز) کانگریس پارٹی کے چند اراکین اسمبلی کی طرف سے استعفیٰ دیئے جانے پر کانگریس کے وفادار کارکنوں نے برہمی ظاہر کرتے ہوئے آج استعفیٰ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ کرناٹک پردیس کانگریس کمیٹی(کے پی سی سی) دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کانگریس ورکرس نے مطالبہ کیا ہے کہ مستعفی اراکین اپنا استعفیٰ واپس لیں۔ بنگلور شہر کے پارٹی ورکرس نے مستعفی اراکین سے اصرار کیا کہ اپنا استعفیٰ واپس لیکر پارٹی سے وفاداری کا ثبوت دیں۔ ورکرس نے کہا کہ جس پارٹی کے ٹکٹ پر عوامی نمائندے منتخب ہوئے ہیں۔ اس پارٹی کو دھوکہ نہ دیں۔ پارٹی ورکرس اور ووٹ دینے والے عوام کی صلاح پر عمل کرتے ہوئے اپنا اپنا راضی نامہ واپس لے لیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بنگلور سٹی کے صدر جی شیکھر نے کہا کہ استعفیٰ دینے والے چند کانگریس اراکین اسمبلی کو استعفیٰ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے منانے کی کوشش کی گئی ہے۔ پارٹی کے سینئر قائدین اس سلسلہ میں اپنی کوشش کررہے ہیں۔ سینئر قائدین کی بات مانتے ہوئے مستعفی اراکین اسمبلی کے اپنا استعفیٰ واپس لینے کی امید ہے۔ ورکرس نے مطالبہ کیا کہ راضی نامہ واپس لیتے ہوئے پارٹی کی عزت بڑھائیں اور پھر ایک مرتبہ پارٹی کو مضبوط ومستحکم کرنے کی جانب اپنی توجہ مبذول کریں۔ جی کرشنپا نے کہا کہ پارٹی کو قربانیاں دیکر پروان چڑھانے والے اراکین اسمبلی کا استعفیٰ دینا مناسب نہیں ہے۔ بی جے پی کی طرف سے دی جارہی لالچی پیشکش کی زد میں نہ آئیں۔ استعفیٰ واپس لیتے ہوئے بی جے پی کو یہ سبق دیں کہ کانگریس ورکرس برائے فروخت نہیں ہیں۔بنگلور شمالی ضلع کے صدر راجکمار نے کہا کہ چنداراکین اسمبلی میں ناراضی اور عدم اطمینانی ضرور ہے۔ اس ناراضی کا اظہار استعفیٰ کے ذریعہ نہیں کیاجاناچاہئے۔ ہمیں امید ہے کہ پارٹی سے برگشتہ اراکین اسمبلی کو سابق وزیراعلیٰ سدارامیا اور نائب وزیراعلیٰ جی پرمیشور مطمئن کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ کے پی سی سی دفتر کے سامنے کئے گئے احتجاجی دھرنے میں سابق میئر جی پدماوتی، یوا کانگریس قائد ایس منوہر اور تینوں شہری اضلاع کے ورکرس شریک رہے۔